حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، راولپنڈی میں قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے مقامات مقدسہ کی زیارات سے واپسی پرتفصیلی ملاقات کی۔ جس میں اہم ملی، مذہبی، تنظیمی اور سیاسی امور زیرِ بحث آئے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے حالیہ دورۂ ایران کے حوالے سے قائد ملت کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بالخصوص مشہد مقدس میں حاضری اور وہاں کے علمی و روحانی مراکز کے دورے، علمائے کرام سے ملاقاتوں ،طلاب کرام اور زائرین کو درپیش مسائل پر گفتگو کی۔
ملاقات میں جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں پیش آنے والے المناک سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

مشہد مقدس اور دیگر مقامات کے علماء و بزرگان کی جانب سے بھیجے گئے تعزیتی پیغامات قائد محترم کی خدمت میں پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ پاکستان کی موجودہ مجموعی صورتِ حال، قومی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی آزادی، تنظیمی استحکام اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
قائد ملت جعفریہ نے موجودہ حالات میں بصیرت، وحدت اور منظم جدوجہد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کئی امور میں مفید رہنمائی فرمائی۔









آپ کا تبصرہ